( لاہور نیوز) فیبا نے پاکستان میں باسکٹ بال کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فیبا وفد کی حکومتی، اولمپک اور فیڈریشن حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقاتوں میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ علاوہ ازیں پاکستان کو عالمی باسکٹ بال نقشے پر نمایاں مقام دلانے کیلئے تجاویز بھی زیر غور آئیں جبکہ فیبا ایشیا نے پاکستان میں باسکٹ بال کی ترقی کیلئے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہیگوپ خاجیریان کی قیادت میں فیبا وفد نے پاکستان کا مکمل دورہ کیا، دورے میں وفاقی حکومت اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے باسکٹ بال کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہیگوپ خاجیریا نے کہا کہ پاکستان خطے کی اہم قومی باسکٹ بال فیڈریشن ہے، پاکستان میں باسکٹ بال کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا ہے۔
فیبا اور پاکستانی سپورٹس سٹیک ہولڈرز کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے۔
