(لاہور نیوز) پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریلیف مل گیا، ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر لائسنس جاری کئے جا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 28 لاکھ 23 ہزار سے زائد لائسنس جبکہ11 لاکھ سے زائد شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کئے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق رواں سال 8 لاکھ سے زائد شہریوں نے لائسنس کی تجدید کروائی جبکہ 8 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد نے لرننگ لائسنس کی سہولت حاصل کی، اسی طرح 12 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق حادثات میں بڑی تعداد بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کی ہوتی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر لائسنس حاصل کریں۔
