(لاہور نیوز) پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں معرکہ حق کی فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر پروقار تقریب کا انعقاد۔دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔
پاکستان ہائی کمشن نئی دہلی میں معرکہ حق کی مناسبت سے سٹریٹیجک اور بین الاقوامی امور کے ماہر تجزیہ کاروں، ڈاکٹر ظفر نواز جسپال، پروفیسر ڈاکٹر رابعہ اختر، اور لکھاری وکمیونیکیشن ایڈوائزر ڈین قیوم کے ویڈیو پیغامات بھی دکھائے گئے۔
اس موقع پر ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کی فتح کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، گزشتہ سال ان دنوں پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور باکمال صلاحیت نے دشمن کی علاقائی اجارہ داری کے خواب کو چکنا چور کر دیا، ناظم الامور نے مزید کہا کہ فعال سفارتکاری اور ابلاغی محاذ پر کامیابیوں کے نتیجے میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر نہایت واضح، مضبوط اور مؤثر انداز میں اجاگر ہو کر سامنے آیا۔
دنیا میں وہی قومیں آزاد ہیں جو اپنی آزادی کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اس تاریخی معرکے نے پاکستان کے مضبوط دفاع اور افواج پاکستان کی عسکری مہارت کی حقیقت کو نئے معنی و مفہوم دئیے اور دنیا میں مرکز نگاہ بنا دیا۔
تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے ہوا۔
