(ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مختلف شہروں میں چنگچی رکشہ کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ آئے روز ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ٹرانسپورٹ کرایوں کو کنٹرول کیا جائے۔
روزانہ چنگچی رکشوں میں سفر کرنے والے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ اور مزدور طبقے نے شکایت کی کہ مختصر فاصلے کے کرائے بھی نمایاں حد تک بڑھ چکے ہیں، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب رکشہ ڈرائیوروں کا مؤقف ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے کے بعد پرانے کرایوں پر گاڑی چلانا ممکن نہیں رہا، پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ان کے اخراجات کئی گنا بڑھا دیئے ہیں جبکہ ٹریفک چالان اور گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات بھی اضافی بوجھ بن چکے ہیں۔
ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے کے بعد مسافروں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے، جس سے ان کی روزانہ آمدن متاثر ہو رہی ہے، شہریوں اور ڈرائیوروں دونوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ نظام کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
