(ویب ڈیسک) ایف بی آر نے کسٹمز افسران اور اہلکاروں کے لیے انعامات کی منظوری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے نان کیڈر افسران کی سفارشات طلب کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 17 سے 19 تک کے افسران کو میرٹوریس سروسز کی بنیاد پر انعامات دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام چیف کلکٹرز اور ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اہل افسران کی سفارشات فوری طور پر ایف بی آر کو ارسال کریں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق انعامی کیسز متعلقہ چیف کلکٹر یا ڈائریکٹر جنرل کی منظوری کے بعد بورڈ کو بھجوائے جائیں گے۔ سفارشات میں افسران کی بنیادی تنخواہ، گریڈ، کیٹگری اور مجموعی کارکردگی کی تفصیلات شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادارے نے سفارشات جمع کروانے کے لیے باقاعدہ فارمیٹ بھی جاری کر دیا ہے، جبکہ افسران کی کارکردگی کو اے، بی، سی اور ڈی کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو ترجیحی بنیادوں پر انعامات دیے جائیں گے۔ ایف بی آر نے انعامی کوٹہ بھی مقرر کر دیا ہے، جس کے تحت 10 فیصد افسران کو اے کیٹگری میں رکھا جائے گا، جبکہ 40 فیصد افسران بی اور سی کیٹگری میں شامل ہوں گے۔ مزید 10 فیصد افسران ڈی کیٹگری کا حصہ ہوں گے۔
حکام کے مطابق گریڈ ایک سے 16 تک کے اہلکاروں کے انعامی کیسز بھی متعلقہ افسران پراسیس کریں گے، جبکہ ٹائم سکیل 17 حاصل کرنے والے اہلکاروں کو بھی اس انعامی پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کسٹمز افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
