(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر شہر میں مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف پرائس کنٹرول مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے فیلڈ میں مجموعی طور پر 4,096 انسپکشنز کیں، جن کے دوران 45 خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، گراں فروشی کے مرتکب عناصر پر 1 لاکھ 28 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، مسلسل خلاف ورزیوں پر 8 افراد کو گرفتار جبکہ 6 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
ڈی سی لاہور کے مطابق سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے، جس میں ٹماٹر، مٹر اور گوبھی کی قیمتیں 20 سے 35 روپے فی کلو تک کم ہوئی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں آلو اور ٹماٹر کی وافر سپلائی پہنچ رہی ہے جس سے مارکیٹ میں استحکام آیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت دی ہے کہ تمام بازاروں میں سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف “زیرو ٹالرنس پالیسی” کے تحت بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی وافر فراہمی اور ریٹ لسٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
