مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس: 31.5 کلومیٹرطویل گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی منظوری
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بسوں کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ 17 سے 19 کلومیٹر ٹریک کو انڈرگراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں، منصوبے کے تحت ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم نصب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم روزانہ 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ گکھڑ سے ایمن آباد تک 31.5 کلومیٹر طویل ہوگا اور اس کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
منصوبے میں مجموعی طور پر 24 اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے، جن میں سے دو انڈرگراؤنڈ ہوں گے، جبکہ گرجاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلا والا میں ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے دونوں اطراف میں 62 کلومیٹر طویل ڈرین بھی تعمیر کی جائے گی اور ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی قائم ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل سے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائے گا اور شہریوں کو ایک شاندار سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
