پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی "نیکسٹ جین سیفٹی ایپ"کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی “نیکسٹ جین سیفٹی ایپ” کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو بالخصوص نوجوان نسل کیلئے ایک محفوظ اور مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن کر ابھری ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران 1900 سے زائد صارفین نے ایپ کے ذریعے اپنے مسائل رپورٹ کیے، جبکہ 555 سے زائد شہریوں نے ویڈیو کال کے ذریعے ماہرین سے فوری رہنمائی اور مدد حاصل کی۔ اس کے علاوہ 700 سے زائد صارفین نے ایمرجنسی سروسز تک رسائی کیلئے بھی اس ایپ کو استعمال کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایپ میں 15 سے زائد جدید فیچرز شامل ہیں، جن میں فیملی سرکل، لوکیشن شیئرنگ اور نوجوان سیفٹی سرکل جیسی سہولیات قابلِ ذکر ہیں۔ ان فیچرز کے ذریعے صارفین اپنے اہل خانہ کو اپنی لوکیشن سے آگاہ رکھ سکتے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
ایپ کے ذریعے شہریوں کو مفت قانونی مشورہ اور ماہرِ نفسیات سے رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے، جو اسے دیگر ایپس سے منفرد بناتا ہے۔ ایپ میں پینک بٹن، قریبی وائی فائی سپاٹس کی معلومات اور پولیس خدمت مراکز تک فوری رسائی جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق “نیکسٹ جین سیفٹی ایپ” کا مقصد شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانا اور ایمرجنسی حالات میں فوری اور مؤثر مدد فراہم کرنا ہے، جبکہ اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ شہری اس پلیٹ فارم پر اعتماد کر رہے ہیں۔
