کم آمدن خاندانوں کیلئے 1600 سے زائد گھروں کی تعمیر رواں سال شروع کی جائیگی
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے کم آمدن خاندانوں کیلئے بڑے پیمانے پر کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت افورڈایبل ہاؤسنگ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام محمد عبداللہ نے بریفنگ دی۔ پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں فیصل آباد اور خانیوال میں منصوبہ شروع کرنے کیلئے مجوزہ پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ کے مطابق اس منصوبے کے تحت آسان اور کم اقساط پر 1600 سے زائد گھروں کی تعمیر رواں سال شروع کی جائے گی۔ منصوبے میں سکول، مسجد، بنیادی انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری سہولیات بھی شامل ہوں گی تاکہ رہائشیوں کو مکمل کمیونٹی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا کہ دونوں اضلاع میں 215 کنال سے زائد سرکاری اراضی پر رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ مستحق خاندانوں کو یہ گھر فراہم کرنے کیلئے حکومتی سبسڈی بھی دی جائے گی۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ "اپنی زمین، اپنا گھر" منصوبے کے تحت اب تک 2 ہزار خاندانوں کو مفت زمین فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ نئے مالی سال سے قبل ان منصوبوں کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام کم آمدن طبقے کو سستی رہائش فراہم کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
