(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے آسیان ممالک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جہاں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے بھی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
آسیان وفد کی قیادت انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی کر رہے تھے۔ وفد کو واہگہ بارڈر اور شالیمار باغ کا دورہ بھی کروایا گیا، جہاں انہوں نے پنجاب کی ثقافت اور تاریخی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور آسیان ممالک کے درمیان ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کلچر اور روایات نہایت خوبصورت اور متنوع ہیں۔
انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور اور پنجاب کی ثقافت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اطلاعات نے آسیان وفد کے ارکان کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
