(لاہور نیوز) قومی خواتین سلیکشن کمیٹی نے پاکستان بمقابلہ زمبابوے ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی۔
15 رکنی پاکستان خواتین سکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب شامل ہیں جبکہ ریزروز کھلاڑیوں میں ارم جاوید، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور عنبر کائنات کو شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے مومنہ ریاست کو پہلی بار 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے، پاکستان ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
سیریز کے تمام ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو کھیلے جائیں گے اور ہر میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے ہوگا۔
تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 12 سے 15 مئی تک اسی مقام پر کھیلی جائے گی جس کے لیے سکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 12، 14 اور 15 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے اور ہر میچ کا آغاز شام 7:30 بجے ہوگا۔
زمبابوے کی خواتین ٹیم اپنے پہلے دورۂ پاکستان کے لیے 29 اپریل کو کراچی پہنچے گی، دونوں ٹیمیں 30 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔
واضح رہے تین میچوں پر مشتمل یہ سیریز 4 سے 9 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم، کراچی میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان ویمن ٹیم نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔
