(لاہور نیوز) شہر میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، لیسکو(لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) نے ساؤتھ اور ایسٹرن سرکل میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ایکسیئن کوٹ لکھپت امجد حسین ناگرا نے ایس ڈی او صوفیہ آباد کے ہمراہ صوفیہ آباد سب ڈویژن میں کارروائی کی، جہاں ڈلو کلاں میں واقع دارالحکمت سکول میں بجلی چوری پکڑی گئی۔ تفتیش کے دوران فور کور کیبل کے ذریعے ڈائریکٹ سپلائی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، جس پر 100 کے وی اے ٹرانسفارمر اور دونوں میٹرز موقع سے اتار لیے گئے۔
حکام کے مطابق 87 ہزار سے زائد یونٹس کا ڈیٹیکشن بل بھی چارج کیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب ایس ای ایسٹرن عمر بلال نے ایم اینڈ ٹی شالیمار ٹیم کے ہمراہ محمود بوٹی سب ڈویژن میں کارروائی کرتے ہوئے کولڈ سٹوریج انڈسٹری میں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری بے نقاب کی۔ لیسکو ٹیم نے موقع سے ٹرانسفارمر، میٹرز اور تمام کیبلز قبضے میں لے لیں۔
لیسکو حکام کے مطابق اس غیر قانونی عمل سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا۔ سی ای او لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
