لاہور ہائیکورٹ : ججز کا نیا روسٹر جاری، 4 مئی سے 9 ڈویژن،24 سنگل بنچز مقدمات سنیں گے
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مقدمات کی سماعت کے لیے نیا ججز روسٹر جاری کر دیا، جس کا اطلاق 4 مئی سے 4 جولائی تک ہوگا۔ روسٹر کی منظوری چیف جسٹس عالیہ نیلم نے دی۔
نئے روسٹر کے تحت پرنسپل سیٹ پر 9 ڈویژن بنچز اور 24 سنگل بنچز مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ تمام ڈویژن بنچز پیر سے جمعرات تک کیسز سنیں گے۔
ڈویژن بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل شامل ہیں، جو ہر نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بنچ نمبر دو میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس ملک جاوید اقبال ٹیکس کیسز سنیں گے، جبکہ بنچ نمبر تین میں جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ اے ٹی سی اور نیب سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گے۔
بنچ نمبر چار میں جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس راحیل کامران شیخ سول اپیلوں پر سماعت کریں گے، جبکہ بنچ نمبر پانچ میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس محمد طارق ندیم منشیات کیسز کی اپیلیں سنیں گے۔ بنچ نمبر چھ میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ قتل اور منشیات کے مقدمات دیکھیں گے۔
بنچ نمبر سات میں جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس وقار حیدر اعوان شامل ہیں، جبکہ بنچ نمبر آٹھ میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق ٹیکس و بینکنگ کیسز کی سماعت کریں گے۔ بنچ نمبر نو میں جسٹس ملک محمد اویس خالد اور جسٹس چوہدری سلطان محمود سول نوعیت کے مقدمات سنیں گے۔
روسٹر کے مطابق تمام ڈویژن بنچز میں شامل ججز سنگل بینچ کے طور پر بھی فرائض انجام دیں گے، جبکہ جسٹس مسعود عابد نقوی، جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عابد حسین چھٹہ اور جسٹس محمد رضا قریشی صرف سنگل بنچ کی حیثیت سے مقدمات کی سماعت کریں گے۔
