(لاہور نیوز) پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2025 گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش ہوا جس کے تحت پنجاب فلم سٹی اتھارٹی سے فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جائے گی، علاوہ ازیں اتھارٹی کو اخراجات کے لئے حکومت پنجاب فنڈ کرے گی، اتھارٹی کو فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے بھی فنڈ دیا جائے گا۔
اس اتھارٹی کے باعث نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف ہو گا، فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی، فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ بھی ہموار ہو گی۔
پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے باعث نئے ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے ٹریننگ پروگرامز شروع کئے جائیں گے، فلم انڈسٹری کیلئے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام متعارف ہو گا جبکہ پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا، اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کی مجاز ہو گی۔
