22 Apr 2026
(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے چوہنگ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جوبلی ٹاؤن میں ناکہ بندی کے دوران مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت وسیم اور عثمان کے نام سے کی ہے، جو ریکارڈ یافتہ اور درجنوں وارداتوں میں مطلوب بتائے جاتے ہیں، جبکہ ان کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
