ستھرا پنجاب مہم: سمن آباد ٹاؤن میں خصوصی صفائی آپریشن، عملہ اور مشینری متحرک
(لاہور نیوز) ستھرا پنجاب کے تحت سمن آباد ٹاؤن میں خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے، جس میں بڑی تعداد میں عملہ اور مشینری حصہ لے رہی ہے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کے مطابق 1400 ورکرز اور لوڈر رکشوں سمیت 300 آپریشنل گاڑیاں اس خصوصی صفائی مہم میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کیلئے 280 لوڈر رکشے تعینات کئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق گلشنِ راوی، یتیم خانہ چوک اور بابو صابو میں خصوصی صفائی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کریم بلاک، مون مارکیٹ، ایوبیہ مارکیٹ اور اچھرہ بازار کے اطراف خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔
اسی طرح چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، جی او آر ٹو اور اسلامیہ پارک میں بھی صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے، بابر صاحب دین کے مطابق سمن آباد ٹاؤن میں موجود 32 ہاٹ سپاٹ ایریاز کو بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکولوں، کالجوں اور کمرشل مارکیٹس کے اطراف مینوئل سویپنگ اور سکریپنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔
یہ صفائی مہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ستھرا پنجاب" کے تحت جاری ہے، جس کے تحت لاہور کے 9 ٹاؤنز میں مرحلہ وار خصوصی صفائی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
