(لاہور نیوز) محکمہ صحت کے دعوے سوالیہ نشان بن گئے جہاں بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھنے کے باعث آئی سی یو بیڈز کی شدید کمی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال، گنگا رام ہسپتال، میو ہسپتال اور جنرل ہسپتال لاہور سمیت شہر کے چار بڑے ہسپتالوں کے آئی سی یو مکمل طور پر بھر چکے ہیں، جس سے تشویشناک حالت کے مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق کئی مریضوں کو آئی سی یو میں منتقل کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں، تاہم بیڈز دستیاب نہ ہونے کے باعث ان کی حالت بگڑنے کا خدشہ ہے، بعض کیسز میں مریضوں کی حالت مزید غیر ہو رہی ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی یو بیڈز کے حصول کیلئے دربدر ہو رہے ہیں، جبکہ سروسز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تحریری طور پر بھی آگاہ کر دیا ہے کہ فی الحال کوئی بیڈ خالی نہیں۔
دوسری جانب خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر صحت (اسپشلائزڈ ہیلتھ کیئر) کا کہنا ہے کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے نئے وینٹیلیٹرز کی خریداری جاری ہے اور جلد ہی ہسپتالوں کو فراہم کر دیئے جائیں گے۔
