(لاہور نیوز) پنجاب پولیس آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 پر سائلین کے مسائل کی داد رسی جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمپلینٹ سینٹر پر موصول ہونے والی تمام شکایات کو طے شدہ ایس او پیز کے تحت مقررہ وقت میں نمٹایا جا رہا ہے، جبکہ نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل کو بھی فعال کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بتایا کہ ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق 1787 کمپلینٹ سینٹر پر مقدمات کے اندراج سے متعلق 12 ہزار 137، سست تفتیش کی 6 ہزار 277 شکایات حل کی گئیں، اس کے علاوہ پولیس سروسز سے متعلق 1 ہزار 820 اور دیگر محکمانہ معاملات کی 5 ہزار سے زائد شکایات بھی نمٹائی گئیں۔
اسی طرح ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 1 ہزار 354، ریکوری سے متعلق 2 ہزار 303 اور ناقص تفتیش کی 1 ہزار 265 شکایات کا ازالہ کیا گیا، جبکہ جھوٹے مقدمات کی منسوخی کی 667 اور تبدیلی تفتیش کی 421 درخواستیں بھی حل کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں بلا جھجھک 1787 کمپلینٹ سینٹر سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
