(لاہور نیوز) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او غازی آباد محمد شہر یار نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ دورانِ پٹرولنگ مختلف مقامات سے پتنگ بازی کرتے ہوئے 14 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں حسنین، زین، راشد اور عباس سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور خطرناک کیمیکل ڈور بھی برآمد کر لی ہے، جو شہریوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ شہر میں پتنگ بازی اور خصوصاً کیمیکل ڈور کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل کیا جا رہا ہے اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
