
(ویب ڈیسک) پنجاب یونیورسٹی کے بوائز اور گرلز ہاسٹلز کے مالی معاملات میں شفاف نظام کے نفاذ سے سال 2025 جنوری تا اپریل کی ریکوری میں 81.5 ملین کا اضافہ ہوا۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر بوائز اور گرلز ہاسٹلز کے مالی معاملات میں پہلی مرتبہ شفاف نظام کے نفاذ سے گزشتہ سال جنوری تا اپریل کے مقابلے میں رواں سال جنوری تا اپریل کی ریکوری میں 81.5 ملین کا اضافہ ہوا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق سال 2024 کے پہلے چار ماہ میں بوائز ہاسٹلز سے حاصل ہونے والی آمدنی کی رقم 26.4 ملین روپے تھی جو سال 2025 میں بڑھ کر 78.2 ملین روپے ہو گئی جس میں 51.5 ملین کا اضافہ ہوا۔
اسی طرح گرلز ہاسٹلز سے سال 2024 کے پہلے چار ماہ میں حاصل ہونے والی آمدنی کی رقم 88 ملین روپے تھی جو 2025 کے پہلے چار ماہ میں بڑھ کر 118 ملین روپے ہو گئی اور کل آمدنی میں 30 ملین روپے کا اضافہ ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایات پر ہاسٹلز میں سخت اقدامات کرنے کے بعد ثمرات حاصل ہونا شروع ہو گئے ہیں، اس سے طلبا و طالبات کو ہاسٹلز میں بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔