اپ ڈیٹس
  • 255.00 انڈے فی درجن
  • 388.00 زندہ مرغی
  • 562.00 گوشت مرغی
  • پولٹری
  • کویتی دینار قیمت خرید: 931.31 قیمت فروخت : 932.95
  • کرنسی مارکیٹ
  • تولہ: 353800 دس گرام : 303300
  • 24 سونا قیراط
  • تولہ: 324314 دس گرام : 278023
  • 22 سونا قیراط
  • تولہ: 3928 دس گرام : 3372
  • چاندی تیزابی
  • صرافہ بازار
شہرکی خبریں

پاک فوج نے دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کیا جسے وہ عمر بھریاد رکھے گا: وزیر اعظم

16 May 2025
16 May 2025

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کے سلسلےمیں پاکستان مونومنٹ پرخصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کیا جسے وہ عمر بھریاد رکھے گا، جو دشمن خود کو جنوبی ایشیاء کا تھانیدار سمجھتا تھا اس کے 6 جہاز گرائے۔

آپریشن بُنیان مرصوص میں کامیابی پر اسلام آباد میں ’’یوم تشکر‘‘ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت شرکاء کو سلامی پیش کی۔

 تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، وفاقی کابینہ کے ارکان، غیرملکی سفارت کار، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور دیگر وزرا نے شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا ، شاہینوں نے فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے ولولے اور جذبے کو سلام پیش کیا، تقریب کے شرکا نے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں نے شہدا کی یاد میں ملی نغمے پیش کرکے عقیدت کا اظہار کیا، جنہیں شرکا نے خوب سراہا۔

 اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز اور اپنی جانیں نچھاور کرنے والے عظیم شہدا کے عظیم والدین، اہل خانہ، وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف جنرل شمشاد ساحر مرزا، سپہ سالار بری فوج جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، جنرل افسران، سرکاری افسران اور معزز سفارت کاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اس محفل میں ہمارے انتہائی قابل احترام صحافی، بہن اور بھائی موجود ہیں، پاکستان کے مایہ ناز فنکار موجود ہیں اور یہاں پر پاکستان کے انتہائی قابل احترام غازی بھی موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کا دن یوم تشکر ہے، یہ دن دنیا کی تاریخ میں کسی کسی کو ملتا ہے اور صدیوں بعد ملتا ہے، اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ آج سے تقریباً 50 سال قبل ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مخلصانہ پیشکش کو دشمن نے ٹھکرایا ہے جس میں ہم نے کہاتھا کہ ایک عالمی تحقیقاتی کمیٹی بناتے ہیں جو پوری تحقیقات کےبعد دنیا کو حقائق بتادے گی، مگر دشمن نے انتہائی تحکمانہ انداز میں، غرور کے نشے میں بدمست ہوکر پاکستان پر حملہ کردیا اور بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کیا جن میں چھ سالہ بچہ بھی شہید ہوا، مائیں، بہنیں، بزرگ اور جوان شہید ہوئے جبکہ دشمن نے یہ پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے اندر جاکر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم  نے دشمن کے چھ جہاز گرائے جو کہ جنوبی ایشیا میں خو د کو تھانیدار سمجھتا تھا اور یہ سمجھتا تھا کہ پاکستان اس کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتا، دشمن دھمکیاں دے رہا تھا اور پھر 9 مئی کی رات کو ہم  نے فیصلہ کیا ہم جواب دیں گے، اسی پاکستان کے شاہینوں نے جھپٹ جھپٹ کر ان کے رافیل بھی گرائے، مگ اور رافیل بھی گرائے، اور ایسا ڈراؤنا خواب دکھایا کہ قیامت، وہ اس خواب سے نکل نہیں سکیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے بعد جنرل عاصم منیر  نے مجھ سے کہا کہ اجازت دیں کہ دشمن کے منہ پر ہم ایسا تھپڑ رسید کریں گے کہ وہ عمر بھر یاد رکھے گا اور پھر آپ نے دیکھا کہ کس طرح پٹھان کوٹ، ادھم پور اور دوسرے مقامات پر ہمارے شاہینوں اور الفتح میزائلوں نے حملے کیے اور دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی۔

انہوں  نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کا پھر مجھے فون آیا اور کہا کہ ہم  نے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے اور اب ہمیں سیز فائر کرنے کی درخواست کر دی ہے، میں  نے کہا کہ اس سے بڑی عزت کی کیا بات ہو سکتی ہے کہ آپ نے دشمن کو سیزفائر پر مجبور کر دیا ہے، میں نے کہا کہ آپ سیزفائر کی پیشکش کو قبول کر لیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے ایئرچیف اور ان کے شاہینوں نے جس طرح ملک میں تیار کردہ ٹیکنالوجی کو چینی طیاروں کے ساتھ استعمال کیا اس سے دنیا کے ہوش اڑگئے اور دوستوں کا اعتماد آسمان سے باتیں کرنے لگا، امریکا سے لے کر جاپان تک اور ہر جگہ آج یہ بات ہورہی ہے کہ پاکستان کی افواج نےکس طرح خاموشی سے یہ صلاحیت کرلی۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ بھارت دنیا کو دن رات باور کروارہا تھا کہ اس کی معیشت کھربوں ڈالر میں ہے،  اسلحے پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں اور اسے خطے کا بادشاہ تسلیم کیا جائے، مگر اللہ تعالیٰ کو کچھ اور منظور تھا اور اللہ رب العزت نے یہ عظیم فتح پاکستان کو دی جس کے لیے ہم آج یوم تشکر اس طرح منارہے ہیں کہ پوری قوم کے سر رب ذوالجلال کے حضور جھکے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو آج وہ مقام عطا کیا ہے اب کوئی بڑی سے بڑی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، آج پوری قوم یک جان دو قالب ہے اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آج وقت آگیا ہے کہ اس سفر کا آغاز کردیں جس کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔

Install our App

آپ کی اس خبر کے متعلق رائے