
(لاہور نیوز) ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں رقوم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف ائی اے لاہور انسداد منی لانڈرنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے محمد اقبال نامی ملزم کو لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کیا ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک کا کہنا تھا کہ ملزم 2013 سے لیبیا میں مقیم تھا اور انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک میں رقوم کی ترسیل میں مددگار تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے غیر قانونی کشتی کے ذریعے لیبیا جانے والے متعدد پاکستانی شہریوں سے حاصل کردہ غیر قانونی رقوم کی منی لانڈرنگ کی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد تک پہنچائیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹ سے 8 کروڑ روپے کی غیر قانونی ٹرانزکشن پکڑی گئی ہیں، ملزم کا نام ایف آئی اے انسداد منی لانڈرنگ سرکل نے بلیک لسٹ میں شامل کر رکھا تھا، ملزم کیخلاف ایف ائی اے انسداد منی لانڈرنگ سرکل میں ایف آئی آر بھی درج تھی۔