(ویب ڈیسک) شہر میں سوئی گیس کے کم پریشر اور مسلسل قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے مقررہ اوقات کار میں بھی گیس کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی 430 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک طرف باقاعدگی سے سوئی گیس کے بل ادا کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی مجبور ہیں، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
خاص طور پر سفید پوش طبقہ اس صورتحال سے شدید متاثر ہو رہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کے مسائل کا کوئی پرسان حال نہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
