اپ ڈیٹس
  • 238.00 انڈے فی درجن
  • 323.00 زندہ مرغی
  • 468.00 گوشت مرغی
  • پولٹری
  • تولہ: 472800 دس گرام : 405400
  • 24 سونا قیراط
  • تولہ: 433397 دس گرام : 371614
  • 22 سونا قیراط
  • تولہ: 7909 دس گرام : 6788
  • چاندی تیزابی
  • صرافہ بازار
جرم وانصاف

ن لیگی امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج

21 Aug 2024
21 Aug 2024

(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کردی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے معاملے کی سماعت کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کے کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کردی گئی۔

سماعت کے دوران جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ ہم دوبارہ گنتی پر پہلے ایک فیصلہ دے چکے ہیں، کیا اس کیس میں بھی ویسے ہی حقائق ہیں؟ وکیل لیگی امیدوار حسن رضا پاشا نے کہا کہ جی اس کیس میں بھی حقائق وہی ہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ کے کیس میں آر او کہہ رہا ہے اسے دوبارہ گنتی کی درخواست ہی نہیں ملی، آپ آر او کو دی گئی جو درخواست دکھا رہے ہیں اس پر کوئی تاریخ درج نہیں، کیسے مان لیں آپ نے درخواست 9 فروری کو ہی دی تھی، ریکارڈ سے دکھائیں نتائج مرتب ہونے سے پہلے آپ نے آر او کو درخواست دی۔

بعد ازاں عدالت نے این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی ن لیگی امیدوار کی درخواست خارج کردی، جس کے نتیجے میں حلقے سے تحریک انصاف کے منتخب امیدوار سعد اللہ بلوچ رکن قومی اسمبلی برقرار رہیں گے۔

یاد رہے کہ  سپریم کورٹ نے چند روز قبل قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا، سپریم کورٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 میں مختلف پولنگ سٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا گیا، اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی اپیلیں منظور کرلیں، عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا تھا۔

Install our App

آپ کی اس خبر کے متعلق رائے