پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کی پابندی عائد
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے, محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جو زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی اجازت دے سکے گی۔
کمیٹی کی تحریری اجازت کے بعد ہی ایسے مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کیا جا سکے گا۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سیکشن 144 کے تحت پابندی عائد کی ہے، جبکہ صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
