پنجاب حکومت کا سٹوڈنٹس کیلئے ای بائیک سکیم کی قرعہ اندازی سے متعلق اہم اعلان
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے قرعہ اندازی کے عمل کے حوالے سے ایک تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کی ہے جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ طلباء کے انتخاب کا عمل جلد شروع ہو گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اس تازہ ترین اعلان نے ان ہزاروں طلباء میں نئی امیدیں جگا دی ہیں جو اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا انہیں وزیراعلیٰ پنجاب ای-بائیک سکیم’ کے دوسرے مرحلے کے تحت الیکٹرک بائیک ملے گی یا نہیں۔
صوبائی حکومت کا منصوبہ ہے کہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے طلباء میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں، اس سکیم کے لیے 6 لاکھ سے زائد مکمل درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے انتخاب کا عمل کافی مسابقتی ہو گیا ہے۔
محکمے کے تازہ ترین تشہیری اعلان کے مطابق الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے قرعہ اندازی جلد ہونے والی ہے تاہم حکام کی جانب سے اس عمل کی حتمی تاریخ یا کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کے وقت کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
