(لاہور نیوز) محکمہ آبپاشی پنجاب نے ربیع سیزن کے دوران صوبے بھر میں نہری پانی کی چوری کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔
ترجمان محکمہ آبپاشی کے مطابق 15 اکتوبر سے اب تک صوبے بھر میں مجموعی طور پر 49 ہزار موگوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے، جبکہ خلاف ورزیوں پر 162 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، پانی کی منصفانہ تقسیم اور کاشتکاروں کو مقررہ مقدار میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 24 ہزار موگوں کی مرمت اور درستگی بھی کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق آبی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک 623 ایف آئی آرز درج کروائی گئی ہیں، جبکہ قانونی کارروائی کیلئے 1 ہزار 495 روبکاریں پولیس کو بھجوائی گئیں، خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 58 لاکھ 51 ہزار 33 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد نہری پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا ہے تاکہ کوئی بااثر یا طاقتور شخص غیر قانونی طریقے سے نہری پانی پر قبضہ نہ کر سکے اور نہروں کے آخری سروں پر واقع چھوٹے کاشتکار بھی اپنے جائز حصے کے پانی سے محروم نہ رہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی کی فیلڈ ٹیمیں مختلف نہروں، ڈسٹری بیوٹریز اور مائنرز پر مسلسل معائنے کر رہی ہیں، غیر قانونی سائفن پائپوں، آؤٹ لیٹس میں ردوبدل اور پانی کے غیر مجاز استعمال کی نشاندہی پر موقع پر ہی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، یہ کارروائیاں محض آبی چوری کی روک تھام تک محدود نہیں بلکہ ان کا اصل مقصد نہری پانی کی تقسیم میں انصاف کو یقینی بنانا ہے۔
