(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ جدید اور مربوط شرمپ ( جھینگا) فارمنگ اسٹیٹس قائم کیے جا رہے ہیں، جو مجموعی طور پر 5 ہزار 600 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے بتایا کہ مظفرگڑھ کے مقامات علی والی اور شاہ گڑھ جبکہ سرگودھا میں مجموعی طور پر ایک ہزار تالاب تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرمپ فارمنگ کے پائلٹ پراجیکٹ نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، اب تک تقریباً 300 ایکڑ رقبے پر پھیلے 200 تالابوں میں 2 کروڑ 70 لاکھ جھینگوں کے بچے ذخیرہ کیے جا چکے ہیں، جبکہ پیداوار 300 میٹرک ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے،تیار ہونے والے جھینگوں کا وزن 20 سے 40 گرام تک ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب میں شرمپ کی تیسری الیکٹرانک نیلامی کے دوران علی والی کے مقام پر ایک ہزار 25 روپے فی کلوگرام کی بولی موصول ہوئی ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ جدید شرمپ فارمز مکمل طور پر مشینی نظام اور شمسی توانائی سے چلائے جائیں گے، جس سے توانائی کی بچت اور پائیدار آبی زراعت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان میں پہلی مرتبہ شرمپ کی مکمل مربوط ویلیو چین تشکیل دی جا رہی ہے، جس میں ہیچریز، جھینگوں کے بچوں کی پیداوار کے مراکز، فیڈ ملز، ایکوا مالز، پراسیسنگ یونٹس، کولڈ سٹوریج اور جدید ٹرانسپورٹ کا نظام شامل ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ایک اور اہم اقدام کے تحت پنجاب بھر میں شرمپ فارمنگ کے لیے 45 ہزار ایکڑ اراضی کی نشاندہی اور نقشہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، جسے نجی شعبے کو لیز پر پیش کیا جائے گا، اس اقدام سے نجی سرمایہ کاری اور تجارتی بنیادوں پر شرمپ فارمنگ کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صرف جھینگوں کی فارمنگ تک محدود نہیں بلکہ پنجاب میں ایک نئی صنعت کی بنیاد رکھنے کی کوشش ہے۔ جدید مشینری، قابل تجدید توانائی، سائنسی تحقیق اور نجی شعبے کی شمولیت سے برآمدات پر مبنی شرمپ انڈسٹری کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی، دیہی آبادی کی معاشی خودمختاری اور صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، پنجاب آبی زراعت کے شعبے میں جدت کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کر رہا ہے۔
