(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ٹرانسپورٹرز کیلئے اہم اقدام متعارف کرا دیا، جس کے تحت ٹرانسپورٹرز اب اپنے ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک چالان مفت چیک کر سکیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کی یہ سہولت صوبے بھر میں فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز متعلقہ ٹریفک دفاتر سے ڈرائیورز کے کوائف کی تصدیق کروا سکیں گے، جبکہ حادثات میں ملوث رہنے والے ڈرائیورز کا ریکارڈ بھی انہیں فراہم کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس پنجاب نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی انہیں ملازمت دیں اور صحت مند، تربیت یافتہ اور اہل ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کریں، ڈرائیورز کی غفلت اور لاپرواہی سڑکوں پر پیش آنے والے متعدد حادثات کا سبب بنتی ہے، اس لیے ٹرانسپورٹرز ڈرائیورز کی میڈیکل فٹنس اور ڈرائیونگ کی اہلیت کو یقینی بنائیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ رواں سال ٹریفک پولیس کے زیر انتظام شاہراہوں پر مہلک ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب کی مؤثر کاوشیں جاری ہیں۔ شاہراہوں کو حادثات سے پاک بنانا اور شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
