(لاہور نیوز) واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا ہائیڈرو مکینیکل (ایچ ایم ون) کنٹریکٹ 133 ارب 18 کروڑ روپے میں پاور چائنا اور آئیکان جوائنٹ وینچر کو ایوارڈ کر دیا۔
کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے شرکت کی، واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے ڈائریکٹر عارف علی جبکہ پاور چائنا اور آئیکان جوائنٹ وینچر کی جانب سے مجاز نمائندے لنگ جیانکے نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے گیٹس اور سٹیل اسٹرکچرز کی تیاری، فراہمی اور تنصیب شامل ہے، یہ آلات ڈیم کی فلشنگ ٹنلز، پاور ان ٹیک اور ڈیم اِن لیٹس پر نصب کئے جائیں گے۔
ایچ ایم ون کنٹریکٹ میں سٹیل لائننگ، ہوئسٹنگ سسٹمز، پمپنگ سسٹمز اور ان سے متعلقہ برقی کام بھی شامل ہیں، ان آلات کی تنصیب ڈیم کے آپریشن اور پانی کے بہاؤ کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی آبی، غذائی اور توانائی کی سکیورٹی کے حوالے سے وفاقی حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے، یہ ڈیم چلاس شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد ڈیم میں 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی، جبکہ اس سے 4 ہزار 500 میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔
