لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی جنرل ہولڈ اپ، ہیوی ٹریفک کی سخت چیکنگ شروع
(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی جنرل ہولڈ اپ شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہیوی ٹریفک کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ ویلڈ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر کسی بھی ہیوی گاڑی کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ ڈی ایس پیز سموگ اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خود داخلی و خارجی راستوں پر موجود ہیں۔
کارروائی کے دوران شہر میں داخل ہونے والی ہیوی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور ڈرائیونگ لائسنس کی خصوصی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ اوور لوڈنگ اور اوور ڈائمینشن گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز کے بغیر گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی اور انتہائی خطرناک گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بغیر ترپال ڈھانپے مٹی اور ریت سے بھری ٹرالیاں بھی شہر میں داخل نہیں ہو سکیں گی، جبکہ ہیوی ٹریفک ڈرائیورز کو حفاظتی اقدامات اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
