(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ کے موقع پر قذافی سٹیڈیم لاہور میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس مہم کا مقصد چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص، سکریننگ اور علاج کی اہمیت اجاگر کرنا اور عوام میں اس مرض سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ پہنے گی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ میں گلابی اسٹمپس استعمال ہوں گی، جبکہ سٹیڈیم کی سکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔
میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل قذافی سٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ پاکستانی کرکٹرز خصوصی ویڈیو پیغامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت بھی اجاگر کریں گے۔
پی سی بی نے مہم کے سلسلے میں خصوصی گلابی شرٹس بھی متعارف کروا دی ہیں، جو 19 اکتوبر سے قذافی سٹیڈیم میں واقع پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔
علاوہ ازیں، پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت سکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ بورڈ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ شائقین کرکٹ پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور سکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ اشتراک کے ذریعے لاکھوں افراد تک چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔
