جامعات کو انسانی حیاتیاتی مواد بیرون ملک بھیجنے کیلئے نیشنل بایوایتھکس کمیٹی کی منظوری لازمی قرار
(ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعات کو انسانی حیاتیاتی مواد اور صحت سے متعلق ڈیٹا بیرون ملک شیئر کرنے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
مراسلے کے مطابق خون، ٹشوز، ڈی این اے، آر این اے اور انسانی خلیات بیرون ملک منتقل کرنے سے پہلے نیشنل بایوایتھکس کمیٹی (این بی سی) کی تحریری منظوری لینا لازمی ہو گا، منظوری کے بغیر انسانی حیاتیاتی مواد اور صحت سے متعلق ڈیٹا کی منتقلی یا برآمد نہیں کی جا سکے گی۔
ایچ ای سی نے جامعات اور ڈگری جاری کرنے والے اداروں کو قومی بایوایتھکس کمیٹی کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے کے مطابق انسانی حیاتیاتی مواد کی غیر مجاز منتقلی سے قومی سلامتی اور پاکستان کے جینیاتی وسائل کے تحفظ کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ صحت سے متعلق ڈیٹا کی غیر منظم شیئرنگ شہریوں کی نجی اور جینیاتی معلومات کے تحفظ کیلئے بھی مسائل پیدا کر سکتی ہے۔
ہدایت کی خلاف ورزی پر متعلقہ اداروں کے خلاف ریگولیٹری کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ این بی سی کی منظوری کے بغیر جاری اور مستقبل کے تحقیقی منصوبوں کی منظوری بھی واپس لی جا سکتی ہے۔
