میٹرک کے لاکھوں طلبہ و طالبات کو ای بائیکس کی فراہمی کیلئے تصدیقی عمل شروع
(لاہور نیوز) میٹرک کے طلبا کے لیے ای بائیکس کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا تاہم 16 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات اہل ہوں گے۔
حکومتِ پنجاب نے میٹرک کے لاکھوں طلبہ و طالبات کو ای بائیکس کی فراہمی کے لیے تصدیقی عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے ای بائیک اسکیم کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کا تمام ریکارڈ متعلقہ سکول سربراہان (ہیڈز) کو ارسال کرتے ہوئے انہیں نہم اور دہم کے طلبہ کی فوری تصدیق کی ہدایت کی ہے۔
صوبے بھر کے تمام سکول سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر طلبہ کے ڈیٹا کی تصدیق کا عمل مکمل کر کے رپورٹ دوبارہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ارسال کریں۔
ای بائیک سکیم کیلئے 16 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات اہل ہوں گے، محکمہ تعلیم کے مطابق صرف تصدیق شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر ہی مستحق اور اہل طلبہ کو برقی موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے اسکولوں سے لاکھوں طلبہ نے پہلے ہی الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں، جس کے بعد اب تصدیقی عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
