(لاہور نیوز) پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی میں ضم کر دیا گیا، پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت نئے ڈائریکٹر جنرل کے انتخاب کیلئے اعلیٰ سطح کی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی سربراہی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کرے گا۔ کمیٹی قانون میں وضع کردہ معیار کے مطابق امیدواروں کا جائزہ لے کر ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کیلئے امیدوار کا انتخاب کرے گی۔
ڈائریکٹر جنرل کے انتخاب کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور غیر جانب دار بنانے کیلئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے سابق ڈی جی ڈاکٹر محمد امجد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے، اس موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
مستقل ڈائریکٹر جنرل کے انتخاب تک عبوری انتظامات کے تحت سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید کو ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ڈاکٹر محمد امجد بھی دیگر امیدواروں کی طرح پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کیلئے امیدوار بن سکتے ہیں۔
