(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور مسائل کے حل کا راستہ برآمدات میں اضافے سے نکلتا ہے، ہمیں ایکسپورٹ بڑھانے کا جامع پلان بنانا ہو گا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے داخلہ محسن نقوی کا نومنتخب ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ گوہر اعجاز نے ابھی جو باتیں کی ہیں، ان کا حل یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ملکی برآمدات بڑھائی جائیں،انہوں خود حکومت میں رہ کر دیکھ چکے ہیں کہ اہداف حاصل کرنا پڑتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ تین چار ماہ کے دوران ایران کے متعدد دورے کیے، ایران کے بارے میں پہلے سمجھا جاتا تھا کہ وہ تباہ حال ہوگا، تاہم وہاں سے واپس آنے والے لوگ حیران ہوئے، ایران میں کنسٹرکشن، آٹو انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعات ملک کے اندر تیار کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ اگر ایران اپنے ملک میں ہر چیز بنا سکتا ہے تو پاکستان ایسا کیوں نہیں کر سکتا؟ ہمیں دوسرے ممالک سے سیکھنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے عملی منصوبہ بنانا ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ لاہور چیمبر کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں اور جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی، وہ 24 گھنٹے حاضر ہوں گے، پہلے بھی جہاں تک ممکن ہوا، تاجروں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ پر کام کر رہی ہے، تاجروں کو ویزوں کے حصول میں درپیش مسائل کے حوالے سے تمام متعلقہ سفارت خانوں کو متوجہ کیا گیا ہے، امید ہے کہ بزنس پاسپورٹ کا منصوبہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا اور تاجروں کو اس حوالے سے مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے، تاہم اس عمل کے لیے تاجروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے، جب سسٹم ری سیٹ ہوگا تو چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی، وہ خود بھی کاروباری برادری کا حصہ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔
