(لاہور نیوز) جوہر ٹاؤن کی خیابانِ فردوسی مین بلیوارڈ کی نئی تعمیر شدہ سڑک ایک مرتبہ پھر شگاف زدہ ہو گئی۔
سڑک بیٹھنے کے باعث مرکزی شاہراہ پر بڑا شگاف پڑ گیا، گزشتہ روز سڑک سے گزرنے والا بھاری بھرکم ٹرک بھی شگاف کے مقام پر سڑک میں دھنس گیا۔
ذرائع کے مطابق اللہ ہو چوک سے تقریباً 300 میٹر پہلے سڑک بیٹھنے کا واقعہ پیش آیا، ایل ڈی اے کی جانب سے تعمیر کے صرف ایک ماہ بعد مرکزی شاہراہ پر شگاف پڑنے سے تعمیراتی معیار اور منصوبے کی پائیداری پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
خیابانِ فردوسی مین بلیوارڈ کی تعمیر سے قبل علاقے میں تقریباً 2 ارب روپے کی لاگت سے نیا سیوریج سسٹم بچھایا گیا تھا، سیوریج منصوبہ فروری 2024 میں شروع کیا گیا تھا اور نئے سسٹم کو 50 سال کیلئے کافی قرار دیا گیا تھا، تاہم سیوریج منصوبے کے بعد تعمیر ہونے والی سڑک ایک ماہ کے اندر ہی بیٹھ گئی۔
ایل ڈی اے اور واسا کے مؤقف میں اختلاف
شگاف پڑنے کی وجہ کے تعین پر ایل ڈی اے اور واسا کے درمیان اختلاف سامنے آ گیا ہے، واسا کے مطابق سڑک کی مناسب کمپیکشن نہ ہونے کے باعث زمین بیٹھنے سے شگاف پڑا، جبکہ ایل ڈی اے نے سیوریج لائن میں کراؤن فیلیر کو سڑک بیٹھنے کی وجہ قرار دیا ہے۔
شگاف زدہ مقام پر ایل ڈی اے نے مستقل مرمت کے بجائے بلڈنگ مٹیریل، سیمنٹ اور بجری سے عارضی طور پر کام کیا، جبکہ متاثرہ حصے کو حفاظتی ٹیپ اور بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
نئی تعمیر شدہ مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کیلئے حفاظتی انتظامات محدود ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات اور حادثات کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا۔
