(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ہر موقع پر اپنی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر کے تاریخی آپریشن میں پاک بحریہ نے کامیابی حاصل کرکے دشمن پر اپنی برتری ثابت کی۔ پاکستان نیوی کی آبدوز ’’غازی‘‘ نے بحری جنگ میں شاندار تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک نیوی بحری تجارت کے فروغ اور تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، موجودہ عالمی حالات میں آبنائے ہرمز پر کشیدگی کے باوجود پاکستانی پرچم بردار تجارتی بحری جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت میں پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا۔
مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی اپنی شاندار عوامی خدمات کے ذریعے بحری سفارت کاری بھی سرانجام دے رہی ہے، جدید آبدوزوں، کروز اور بیلسٹک میزائلوں سمیت جدید ترین بحری اثاثے پاک بحریہ کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ پاک بحریہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار بحری روایات کا عظیم الشان تسلسل برقرار رکھے۔
