(ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور ریپر علی گل پیر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مقبول گانے 'وڈیرے کا بیٹا' کو میوزک چینلز نے ریجیکٹ کر دیا تھا۔
حال ہی میں علی گل پیر نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی گلوکاری سمیت اپنے کیرئیر کے آغاز میں کی جانے والی جدوجہد پر گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران گلوکار نے بتایا کہ معاشرے میں زیادہ تر گانے عشق و محبت کے ہوتے ہیں لیکن مجھے لگتا تھا کہ اس کے علاوہ بھی چیزیں ہیں جن کو ریپ گانے کے ذریعے بتایا جاسکتا ہے، اسی لیے میرے زیادہ تر گانے معاشرے کے مسائل پر ہیں۔
انہوں نے اپنے مشہور گانے سے متعلق انکشاف کیا کہ ہم جس اسکول میں پڑھتے تھے وہاں وڈیرے کے بیٹے بھی تعلیم حاصل کررہے تھے، وہ اسکول ایک ڈالے میں آتے تھے اور ان کے گارڈز دوسرے ڈالے میں، اس لیے میں نے ایک گھنٹے میں 'وڈیرے کا بیٹا' گانا لکھا۔
علی گل پیر کے مطابق میں نے دوستوں سے مدد لے کر 15 ہزارکے بجٹ میں گانا بنایا تھا اورپھر ہم میوزک چینلز کے پاس اپنا گانا لے کرگئے تو انہوں نے مجھےکہا کہ اس گانے میں کوئی لڑکی نہیں ہے اورپیارو محبت کی باتیں نہیں ہے، یہ گانا نہیں چلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میوزک چینلز نے میرا گانا ریجیکٹ کردیا، میں نے درخواست بھی کی کہ بہت محنت سے بنایا ہے، ایک بار ٹی وی پر چلا کر تو دیکھیں لوگوں کا کیا ردعمل ہے جس پر مجھے منع کردیا گیا، مجھے دکھ ہوا لیکن میں نے یہ گانا پھر یوٹیوب پر لگایا اور 4 گھنٹوں میں ایک لاکھ ویوز آگئے، پھر ویوز بڑھتے گئے اور رات و رات مقبولیت مل گئی۔
