مریم نواز کا سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں چلانے کا اعلان، ارکان اسمبلی کی ملاقات
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور مختلف پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے سرگودھا میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
ارکان اسمبلی نے بتایا کہ بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال کے روٹس پر الیکٹرو بس سروس سے روزانہ ہزاروں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کے مثبت اور خوشگوار ردعمل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی پراجیکٹ کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی۔ ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرگودھا سمیت پنجاب کے ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاامتیاز ترقی نواز شریف کا وژن ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام، بالخصوص بچوں اور خواتین کو الیکٹرو بسوں میں آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر انہیں دلی اطمینان ہوتا ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ایک ناقابل فراموش اقدام ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جا رہا ہے۔
