(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستان مینز انڈر 19 سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پاکستان انڈر 19 ٹیم 2 سے 16 ستمبر تک انگلینڈ میں ایک یوتھ ٹیسٹ اور چار ون ڈے میچز کھیلے گی۔
فرحان یوسف دورہ انگلینڈ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ وکٹ کیپر عبدالقادر، آل راؤنڈرز جہانگیر بلال، حیام خان اور علیان سلمان، بلے باز حسنین عباس ڈار اور فاسٹ باؤلر رضوان اللہ پاکستان انڈر 19 کی جانب سے ڈیبیو کر سکتے ہیں۔
سکواڈ میں دیگر کھلاڑیوں میں عبدالسبحان، احمد حسین، حمزہ ظہور، محمد صیام، محمد حذیفہ، نقاب شفیق، عمر زیب اور عثمان خان شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ انڈر 19 ٹیموں کے درمیان یوتھ ٹیسٹ 2 سے 5 ستمبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 9 سے 16 ستمبر تک ہوگی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم اتوار کے روز لاہور سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔
