(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ اسما عباس کے شوہر انٹرویو کے دوران پہلی اہلیہ سے بولے گئے جھوٹ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
حال ہی میں اداکارہ اسما عباس نے اپنے شوہر ریٹائرڈ کرنل غلام عباس کے ہمراہ نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں۔
اسما عباس کے شوہر نے اپنی پہلی اہلیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ میں نے اسما سے شادی کے بارے میں بروقت اپنی پہلی اہلیہ کو آگاہ نہیں کیا۔
ریٹائرڈ کرنل غلام عباس نے بتایا کہ میں نے یہ بات فوراً بتانے کے بجائے ان سے جھوٹ بولا، جو کہ غلط تھا۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے حوصلے کے ساتھ اس فیصلے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے اپنی پہلی اہلیہ سے یہ بات چھپانی نہیں چاہیے تھی۔
اسما عباس نے بھی گفتگو کے دوران کہا کہ کرنل عباس نے اپنی پہلی اہلیہ کی زندگی میں کبھی کھل کر اس احساسِ جرم کا اظہار نہیں کیا۔
اس پر ریٹائرڈ کرنل عباس نے کہا کہ انسان کو اپنے دل میں موجود باتیں اپنی زندگی ہی میں بیان کر دینی چاہئیں اور انہیں براہِ راست الفاظ میں ادا کرنا ضروری ہے۔ اگرچہ انسان ایک دوسرے کے جذبات کو محسوس اور سمجھ بھی لیتے ہیں، تاہم اپنے احساسات کا اظہار اپنی جگہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسما عباس اور پہلی اہلیہ کے آپس میں اچھے تعلقات تھے، وہ زندگی کے آخری لمحات میں شدید تکلیف میں تھیں اور اسی دوران میں نے اپنے احساسِ جرم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قدم چھوئے تھے، تاہم میں یہ بات کبھی الفاظ میں بیان نہ کر سکا۔
اپنی پہلی اہلیہ کے ساتھ زندگی بھر کی قربت کو یاد کرتے ہوئے ریٹائرڈ کرنل عباس اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رو پڑے۔
