(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافہ کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لٹر اضافہ ہوا ہے، کابینہ نے ای سی سی کے فیصلے کی باضابطہ توثیق کر دی، اوگرا کو فوری عمل درآمد کی ہدایت دی گئی۔
حکومتی فیصلے کے بعد ڈیلرز مارجن 8.64 روپے سے بڑھ کر 9.98 روپے فی لٹر ہوجائے گا، ڈیلرز مارجن میں ریٹیل فیول پرائس میں بھی اضافہ شامل ہوگا۔
علاوہ ازیں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 27 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 64 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔
پٹرول کی نئی قیمت 337 روپے 78 پیسے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت 364 روپے 70 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق 21 اگست 2026 سے ایک دن کیلئے ہو گا۔
واضح رہے وزارت پٹرولیم کی جانب سے حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے طریقہ کار کی بنیاد پر روزانہ کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین کیا جارہا ہے۔
