(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کے لیے اجلاس 18 اگست کو طلب کر لیا۔
حکام کے مطابق آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے بعد سب انسپکٹرز سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے والی محکمانہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ 8 ماہ سے تاخیر کا شکار تھا تاہم اب اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انسپکٹر رینک پر ترقی کے لیے کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں ہو گا جبکہ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو، ہیڈکوارٹرز، اے آئی جی ڈسپلن اور محکمہ سروسز کے افسران کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس میں انسپکٹرز کی 250 خالی آسامیوں پر میرٹ اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والے سب انسپکٹرز کو ترقی دی جائے گی، ترقی کے لیے 600 سے زائد سب انسپکٹرز کے نام زیر غور آئیں گے۔
ترقی کیلئے صرف اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی جانب سے بھجوائے گئے کاغذات ہی قابل قبول قرار دیے گئے ہیں، حکام کے مطابق ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون نے تمام ریجنز سے سب انسپکٹرز کے کوائف بھی طلب کر لئے ہیں تاکہ ترقی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
