(لاہور نیوز) مغلپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی جعلی وردی پہن کر شہریوں کو لوٹنے اور گن پوائنٹ پر دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی منزہ کرامت کے مطابق چند روز قبل ملزم عبدالتوحید پولیس وردی پہن کر ایک نجی کلینک پہنچا اور اپنا چیک اپ کروایا۔ ڈاکٹر کی جانب سے فیس طلب کرنے پر ملزم نے پولیس وردی کا رعب ڈالتے ہوئے اسے گن پوائنٹ پر دھمکیاں دیں اور اسلحے کے زور پر ہراساں کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے۔ مغلپورہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالتوحید پہلے سے ہی سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی جعلی وردی پہن کر عام شہریوں سے لوٹ مار کرتا تھا۔ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
