(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کا اہم اجلاس ہوا، جس میں قیامِ امن، کرائم کنٹرول اور پبلک سروس ڈیلیوری سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پولیس حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سود خوروں کے خلاف کارروائی کے دوران 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ سود خور کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے، سود خوری کے متاثرین کو فوری انصاف اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہر میں منشیات کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے نیٹ ورک کا قلع قمع یقینی بنایا جائے، انہوں نے شہر بھر میں کامبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
سی سی پی او لاہور نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ٹریس کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور افغان باشندوں کے ہاٹ سپاٹس پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں بلکہ مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا جائے اور پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید سمیت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کے پولیس افسران نے شرکت کی۔
