(لاہورنیوز) اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈکوارٹرز، قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔
ایرانی وفد نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایرانی کرکٹ ٹیموں کو کوچنگ معاونت فراہم کرنے اور پاکستانی کوچز کی جانب سے ایران کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کو تربیتی تجربہ اور مہارت منتقل کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے کوچنگ کے علم اور تجربات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی کرکٹ کے لیے کھیلوں اور کرکٹ کے سامان کی فراہمی میں معاونت جبکہ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کی ضروریات کی نشاندہی کے امور بھی ملاقات کا حصہ رہے۔
ایرانی وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی تربیتی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ملاقات کے اختتام پر پی سی بی اور ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
