(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ و ون ڈے کرکٹر اور موجودہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ عاقب نئی زندگی کے سفر پر روانہ ہوگئی ہیں۔ عقبہ عاقب کی شادی برطانیہ میں ایک غیر ملکی نوجوان سے ہوئی، جس کی تصاویر ان کی والدہ، معروف شاعرہ و مصنفہ فرزانہ عاقب نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔
فرزانہ عاقب کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں عقبہ عاقب سفید رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ ان کے شوہر نے رسمی سوٹ زیب تن کر رکھا ہے۔ تصاویر میں دونوں کے بازوؤں پر بنے ٹیٹو بھی نمایاں ہیں، جو ان کی شخصیت کے منفرد انداز کی عکاسی کرتے ہیں۔
فرزانہ عاقب نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی۔ انہوں نے عقبہ اور اپنے داماد سمیت دونوں خاندانوں کے لیے خوشگوار، کامیاب اور پُرسکون زندگی کی دعا بھی کی۔
عقبہ عاقب تعلیم کے حوالے سے بھی ایک مضبوط پس منظر رکھتی ہیں۔ انہوں نے تقریباً تین سے چار برس قبل برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور انٹرنیشنل جرنلزم میں گریجویشن مکمل کی تھی۔
عقبہ کی والدہ فرزانہ عاقب کا شمار ادبی حلقوں کی نمایاں شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ انگریزی شاعری اور ادبی تخلیقات کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ ان کے فیس بک پیج کو تین لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں، جبکہ ان کے مطابق وہ انگریزی شاعری کی 70 سے زیادہ کتابیں تحریر کرچکی ہیں اور متعدد بین الاقوامی ادبی ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔
فرزانہ عاقب نے اپنی ایک کتاب میں اسلامی تاریخ کو بھی انگریزی شاعری کے منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔
دوسری جانب عاقب جاوید پاکستان کے سابق ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر ہیں اور اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے تمام فارمیٹس کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔
عقبہ عاقب کی شادی کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد کرکٹ اور ادبی حلقوں سے وابستہ افراد کی جانب سے عاقب جاوید اور فرزانہ عاقب سمیت دونوں خاندانوں کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
