(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے شہر کے 84 تھانوں میں خواتین افسران کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
اقدام کا مقصد خواتین کو کسی بھی وقت شکایت کے اندراج اور قانونی معاونت کیلئے محفوظ اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ اب خواتین کو رات کے اوقات میں بھی پولیس سے رابطے کیلئے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، گھریلو تشدد، ہراسانی اور خواتین سے متعلق دیگر شکایات پر مزید فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے خواتین پولیس افسران کی موجودگی سے خواتین کو بلاجھجھک اپنی شکایات بیان کرنے میں آسانی ہو گی، جبکہ ان کے مسائل کے بروقت ازالے اور مؤثر قانونی معاونت کیلئے پولیس سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے پولیس سے رابطہ آسان، محفوظ اور بااعتماد بنانا لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے، ہر خاتون کو یقین ہونا چاہئے کہ مشکل کی کسی بھی گھڑی میں پولیس اس کے ساتھ موجود ہے۔
