(لاہور نیوز) سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے عوامی شکایات اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس پر سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے صفائی کے نظام کی نگرانی مزید سخت کر دی۔
شہریوں سے صفائی کے حوالے سے براہِ راست فیڈ بیک لینے کیلئے سی ای او خود فیلڈ میں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں، ایل ڈبلیو ایم سی آفس میں آپریشن ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا، جس میں مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال اور کوڑے کی بروقت کلیئرنس کا جائزہ لیا گیا۔
داتا گنج بخش ٹاؤن کے اوپن پلاٹس میں کوڑے کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے زون 28 اور 29 کے ٹاؤن مینجر، زونل افسر اور سپروائزر کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی۔
اسی طرح سمن آباد ٹاؤن میں مینوئل سویپنگ اور کوڑے کی لیٹ کلیئرنس پر کارروائی کا حکم دیا گیا، زون 33 اور 34 کے ٹاؤن مینجر، زونل افسر اور سپروائزر کو بھی فوری معطل کرکے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔
بادامی باغ، علامہ اقبال ٹاؤن اور سمن آباد کے تین ٹاؤن مینجرز کو فائنل وارننگ جاری کر دی گئی، جبکہ لاہور کے تمام ٹاؤن مینجرز اور زونل افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے ہدایت کی کہ کوڑے کی بروقت کلیئرنس اور علاقوں کو زیرو ویسٹ رکھنے میں ناکامی پر افسران اور ورکرز کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے، افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہ کر ورکرز کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
شہریار عارف خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں، ادارے میں موجود کام چور عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
